27 مئی 2020 - 10:17
پاک و ہند میں کورونا بدستور شکار کررہا ہے

پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا بدستور شکار کر رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے مطابق صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے آج بدھ کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں اب تک کبورونا سے 151767 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور4337 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس ریاست میں کورونا نے کافی تباہی مچائی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2091 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کے بعد ریاست میں اب تک اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 54758 ہو گئی ہے۔ ریاست میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 1792 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 59 ہزار 151 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 225 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 38 ہزار 784 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 19 ہزار 142 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا سے اموات تمام صوبوں سے زیادہ ہے اور وہاں 416 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔

سندھ میں کورونا وائرس سے 374 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں 362 ہو گئی ہیں۔

کورونا وائرس سے بلوچستان میں 42 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 ہزار 879 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 18 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 638 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔